حوصله نيوز
دارالمصنفین مالی بحران کا شکار، ملت سے تعاون کی اپیل


اعظم گڑھ (ابو زید/حوصلہ نیوز): دارالمصنفین (شبلی اکیڈمی) اعظم گڑھ گزشتہ چند مہینوں سے مالی بحران کا شکار ہے۔ مالی بحران کو دیکھتے ہوئے اکیڈمی کے ذمہ داروں نے ملت کے درد مندوں سے مخلصانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکیڈمی کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق تعاون کریں تا کہ اکیڈمی کی علمی وتحقیقی خدمات کو جاری رکھا جاسکے۔ 
اکیڈمی کے مالی بحران کے حل کے لیے ایک تعاون کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں انجینئرطارق اعظم، مولانا طاہر مدنی، ڈاکٹر شاہ نواز، ظفر جمال، ڈاکٹر اسد ادریس اور سلیم احمد  شامل ہیں. یہ حضرات لوگوں سے ملاقات کریں گے اور اکیڈمی کی صورت حال سے آگاہ کریں گے. 
کمیٹی کے رکن مولانا طاہر مدنی نے ملت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ ادارہ ملت کا بیش قیمت سرمایہ ہے اور اس طرح کے ادارے قوموں کی تعمیر وترقی  کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں. ملت نے ہمیشہ اس ادارے کا تعاون کیا ہے اور اس کی تعمیر وترقی سے دلچسپی لی ہے. فی الوقت ادارہ مالی مشکلات سے دوچار ہے"۔
اکیڈمی کے ڈائرکٹر پروفیسر اشتیاق احمد ظلی نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دارالمصنفین مالی مشکلات کا شکار ہے، اب صورت حال زیادہ سنگین ہوچکی ہے. آئندہ کیا ہوگا یہ صرف اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے۔ 
واضح رہے کہ دار المصنفین( شبلی اکیڈمی)اعظم گڑھ  ایک مؤقر علمی ادارہ ہے جو ایک صدی سے علمی اور تحقیقی  میدان میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس ادارے سے سیرت، تاریخ، تعلیم، تاریخ تہذیب وتمدن اور مطالعہ مذاہب وغیرہ پر نادر کتابیں شائع ہوچکی ہیں. اکیڈمی کا ایک گراں قدر علمی نمونہ سیرت النبی ﷺ ہے یہ سات جلدو میں شائع ہوچکا ہے جو اپنے موضوع پر ایک شاہکار کتاب ہے، اس کی نظیر دوسری زبانوں میں بھی نہیں ملتی۔ اس کے علاوہ ادارے سے شائع ہونے والے دوسرے علمی نسخے اہل علم اور ریسرچ اسکالرس کے لئے بہترین تحفہ اور گران قدر سرمایہ ہے۔ 
اکیڈمی سے شائع ہونے والا ماہانہ رسالہ معارف جو سو سال سے اپنی قارئین کے مطالعے کی تشنگی کو بجھانے میں لگا ہواہے۔ اس کا شمار دُنیا میں تحقیقی اور ادبی دونوں طرح سے ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ علامہ شبلی کے خوابوں کی تعبیر دارالمصنفین شبلی اکیڈمی اپنا سو سال پورا کرچکی ہے۔ ان سو سالوں میں کئی مرتبہ مالی مسائل سے دوچار رہی ہے. آزادی سے پہلے نظام حیدر آباد، بیگم بھوپال اور مزمل وغیرہ علم پرور نے دارالمصنفین سے اپنا رشتہ جوڑے رکھا اور اس کی ضرورت کے مطابق مدد بھی کرتے رہے. مگر آزادی کے بعد اس کی حالت آہستہ آہستہ خستہ ہوتی گئی. اور اب مالی بحران حد سے زیادہ بڑھ چکا ہے. لہذا اکیڈمی کے ذمہ داروں نے ملت کے درمندوں سے مخلصانہ اپیل کی ہے کہ وہ اس ملی ادارے کی طرف اپنا دست تعاون پڑھائیں اور اکیڈمی کے منصوبوں کی تکمیل کا حصہ بنیں ۔ خصوصی اعانت کے ذریعہ مدد کریں اور اپنے لئے صدقہ جاریہ کا سامان کریں۔ 

اکاؤنٹ کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
DARUL MUSANNEFIN SHIBLI ACADEMY, AZAMGARH 
Bank Name: Punjab National Bank - Heerapatti, Azamgarh 
Account No: 4761005500000051
IFSC: PUNB0476100


|| پہلا صفحہ || تعليم || سياست || جرائم؍حادثات || حق و انصاف || گائوں سماج || اچھي خبر || پرديس || ديني باتيں || کھيل || ادب || ديگر خبريں ||


HAUSLA.NET - 2024 ©