حوصله نيوز
احمد آباد دھماکوں کے ملزمین کو گھر والوں سے فون سے رابطہ کرنے کی اجازت سے انکار


احمد آباد/اعظم گڑھ (حوصلہ نیوز): احمد آباد بم دھماکوں سے متعلق مقدمات کی سماعت کررہی خصوصی عدالت نے بم دھماکوں کے الزام میں قید مسلم نوجوانوں کو ان کے اہل خانہ سے فون یا ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ رابطہ رکھنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے جیل انتظامیہ نے اہل خانہ سے ملاقات پر پابندی عائد کردی ہے اور عام قیدیوں کو فون اور ویڈیو کانفرنسنگ کی سہولت موجود ہے۔
اطلاع کے مطابق اعظم گڑھ سے تعلق رکھنے والے ایک قیدی حبیب فلاحی کو مئی کے آخر میں کورنا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کو شہر کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تقریبا ڈیڑھ ماہ زیر علاج رہنے کے بعد اب ان کی صحت بہتر ہے اور کورونا  کی منفی رپورٹ آنے کا انتظار ہے اس کے بعد انہیں جیل بھیجا جائے گا۔ سول اسپتال میں علاج کےدرمیان حبیب کے بھائی اعظم گڑھ سے احمد آباد پہنچے اور خصوصی عدالت سے درخواست کی کہ ان کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ان کے بھائی سے بات کرنے  کی اجازت دی جائے اور ان کی صحت پر مبنی رپورٹ وقفہ وقفہ سےا ن کے اہل خانہ کو دی جائے۔ عدالت نے ان کی یہ درخواست منظور کر لی تھی اور اسپتال و جیل انتظامیہ کو اس پر عمل آوری کا حکم صادر کیا تھا۔
بعد میں دیگر قیدیوں نے بھی اپنے اہل خانہ سے بات کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کی لیکن عدالت نے اس کو مسترد کردیا۔
واضح رہے کہ جولائی 2008 میں احمدآباد میں ہونے والے دھماکوں کے الزام میں سابرمتی جیل میں کل 75مسلم نوجوان مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں جن میں سے تقریبا ایک درجن کا تعلق اعظم گڑھ سے ہے۔


|| پہلا صفحہ || تعليم || سياست || جرائم؍حادثات || حق و انصاف || گائوں سماج || اچھي خبر || پرديس || ديني باتيں || کھيل || ادب || ديگر خبريں ||


HAUSLA.NET - 2024 ©