حوصله نيوز
ماہ ذی الحجہ کی اہمت و فضیلت


تحریر: مولانا طاہر مدنی
اس ماہ کے ابتدایی دس دنوں کی خاص فضیلت ہے.ان ایام میں اللہ کو اعمال صالحه بہت پسند ہیں. روزے رکھیے, صدقہ خیرات کیجیے, دیگر نیک اعمال کا اہتمام کیجیے. خاص طور سے نو تاریخ کا روزہ رکھیں.  چاند نکلنے کے بعد قربانی کا ارادہ رکھنے والے افراد ناخن اور بال اپنی قربانی تک نہ کاٹیں. ان ایام میں بکثرت تہلیل, تکبیر اور تحميد کا اہتمام کیجیے.یعنی لا اله الا الله ، الله أكبر اور الحمد لله کا ورد کرتے رہیں. نو تاریخ کی فجر سے تیرہ کی عصر تک تکبیرات تشریق کا اہتمام کیجیے۔
قربانی بہت اہم عبادت ہے اور ایام قربانی میں اللہ کے نزدیک سب سے افضل عمل قربانی ہی ہے. نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم مدینہ میں مسلسل دس سال پابندی سے قربانی کرتے رہے. اس لیے استطاعت کے مطابق اس کا ضرور اہتمام کیجیے. صدقہ خیرات بھی کیجیے لیکن یاد رہے صدقہ قربانی کا بدل نہیں ہوسکتا۔
قربانی کا جانور بے عیب ہو, فربہ ہو, اس کی خدمت کیجیے, تاکہ انسیت پیدا ہو جاءے. اصل مقصد سامنے رہے کہ یہ حضرت ابراھیم علیہ السلام کی سنت کی یاد دہانی ہے. قربانی کا جانور ایک علامت ہے, گویا آپ زبان حال سے کہ رہے ہیں کہ اے اللہ! آج تیرے نام سے اس جانور کو قربان کر رہا ہوں, تیری راہ میں اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہوں. میری نماز, میری قربانی, میرا مرنا, میرا جینا سب تیرے لیے ہے۔
یہی اخلاص, یہی جذبہ, یہی نیت, یہی ارادہ, یہی عزم, یہی حوصلہ مقصود اصلی ہے اور اسی کی جانب اس آیت میں اشارہ کیا گیا ہے " لن ينال الله لحومها و لا دماءها و لكن يناله التقوى منكم " اللہ کے پاس قربانی کے جانوروں کا گوشت اور خون نہیں پہونچتا, بلکہ تمہارا تقوی پہونچتا ہے۔
اصل اہمیت نیت اور خلوص کی ہے. نیتوں کو خالص کیجیے اور دلوں کو یکسو کیجیے, قربانی کے جانور کا خون زمین پر گرنے سے پہلے عند اللہ مقبول ہو جاءے گا. ان شاء اللہ۔


|| پہلا صفحہ || تعليم || سياست || جرائم؍حادثات || حق و انصاف || گائوں سماج || اچھي خبر || پرديس || ديني باتيں || کھيل || ادب || ديگر خبريں ||


HAUSLA.NET - 2024 ©