حوصله نيوز
امریکی صدر نے فرینک اسلام کو کمیشن برائے صدارتی اسکالرزکا ممبر منتخب کیا


اعظم گڑھ/واشنگٹن (حوصلہ نیوز): امریکی صدر جو بائیڈن نے ہند نژاد امریکی تاجر، مخیر اور مصنف فرینک اسلام کو کمیشن برائے صدارتی اسکالرز میں بطور ممبر نامزد کیا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے ذریعہ جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر بائیڈن نے 21 ممبران پر مشتمل کمیشن کا اعلان کیا ہے جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے اہم شخصیات منتخب کی گئی ہیں۔ مارگریٹ ایٹکن ہیگرٹی جو کہ پہلے بائیڈن کی سکریٹری کے طور پر کام کرچکی ہیں اس کمیشن کی چیر پرسن ہوں گی۔یہ کمیشن پورے امریکہ سے مختلف میدانوں میں مہارت رکھنے والے 161 طلبہ کا پرسیڈنشیل اسکالرزکے طور پر انتخاب کرےگا۔
واضح رہے کہ فرینک اسلام کا آبائی وطن اتر پردیش کا ضلع اعظم گڑھ ہے۔ ان کی ابتدائی تعلیم اعظم گڑھ اور مسلم یونیورسٹی علی گڑھ میں ہوئی۔ وہ اس وقت ایف آئی انویسٹمنٹ گروپ نامی کمپنی کے سربراہ ہیں۔ اس سے قبل وہ کیو ایس ایس نامی انفارمیشن ٹکنالوجی کے کمپنی کے مالک رہے ہیں۔فرینک اسلام امریکہ میں مختلف یونیورسٹیوں اور اداروں کے مشاورتی بورڈ میں شامل ہیں اور مختلف تعلیمی اور سماجی میدان میں سرگرم رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستان میں بھی تعلیم کے فروغ میں ان کی خدمات قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ فرینک اسلام کی تحریریں امریکہ اورہندوستان کے علاوہ دنیا کے مختلف اخبارات ورسائل میں شائع ہوتی رہتی ہیں۔
فرینک اسلا م نے اپنی اس تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ کی تعمیر وترقی کے لیے بہتر کارکردگی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا"کمیشن برائے صدارتی اسکالرز کا ممبر بننا اپنے آپ میں ایک اعزاز کی بات ہے۔ وہ طلبہ جنہیں اسکالر بننے کے لیے منتخب کیا جائے گا وہ امریکہ کی بہترین نمائندگی کریں گے اور اس کےمستقبل کی تعمیر میں رہنما ثابت ہوں گے۔ مجھے امید ہے کہ میں اور دیگر اراکین کمیشن اپنی خدمات اورتعاون کے ذریعہ ایسےاسکالرز کا انتخاب کریں گے جو اس تجربے اور پہلے سے اپنی متاثر کن کامیابیوں کو بروئے کار لاکر ایک مضبوط اور بہتر امریکہ کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوں گے۔"


|| پہلا صفحہ || تعليم || سياست || جرائم؍حادثات || حق و انصاف || گائوں سماج || اچھي خبر || پرديس || ديني باتيں || کھيل || ادب || ديگر خبريں ||


HAUSLA.NET - 2024 ©